World's loneliest Elephant Kaavan
دنیا کا 'تنہا ترین' ہاتھی قرار دیا جانے والا 'کاون' 35 برس کا طویل عرصہ گزارنے کے بعد روس کے خصوصی چارٹرڈ کارگو طیارے کے ذریعے پاکستان سے کمبوڈیا پہنچ گیا۔
'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق کمبوڈیا کے دوسرے بڑے شہر سیئم ریئپ کے ایئرپورٹ پر کاون کے استقبال کے لیے امریکی گلوکارہ چیر بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کاون کے ساتھ آنے والے ویٹس کی ٹیم سے ملاقات بھی کی۔
فور پاز کے مطابق کاون کو 90 منٹ کی مزید ڈرائیو کے بعد رات گئے پناہ گاہ لے جایا جائے گا اور اسے کل (منگل کو) سورج کی روشنی میں آزاد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا کہ سفر کے دوران کاون کھارہا تھا، وہ پریشان نہیں تھا بلکہ سو بھی رہا تھا۔
سفر کے دوران کاون کو مصروف رکھنے کے لیے 200 کلو خوراک ساتھ لے جائی گئی تھی جس میں کیلے اور تربوز شامل تھے۔
قبل ازیں فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کمبوڈیا کے نائب ماحولیاتی وزیر نیتھ پیاکٹرا نے کہا تھا کہ 'کمبوڈیا کاون کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے'۔
نائب ماحولیاتی وزیر نے کہا تھا کہ 'ہم مقامی ہاتھیوں کے ساتھ کاون کی افزائش نسل کی توقع کررہے ہیں، یہ جینیٹک فولڈ کے تحفظ کی کوشش ہے'۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ کاون کی پناہ گاہ میں 3 ہتھنیاں بھی موجود ہیں۔